عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی میں گزشتہ دنوں کئی اسکولوں میں ای میل کے ذریعہ بم کی دھمکی دی گئی تھی۔ اب اس معاملے میں دہلی پولیس نے حیران کرنے والا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ قریب 3اسکولوں میں یہ دھمکی انہی اسکولوں کے طلبا کے ذریعہ دی گئی تھی۔جانکاری کے مطابق جن اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی ان میں سے ایک وینکٹیشور اسکول بھی تھا، جسے 28 نومبر کو روہنی پرشانت وِہار پی وی آر ملٹی پلیکس میں پر اسرار دھماکہ ہونے کے ایک دن بعد دھمکی بھرا ای میل ملا تھا۔ پولیس افسر نے کہا کہ یہ ای میل اسکول میں ہی پڑھنے والے بھائی-بہنوں نے بھیجا تھا کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ امتحان ملتوی کر دیا جائے۔’آج تک’ کی خبر کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ کاونسلنگ کے دوران دونوں طلبا نے خلاصہ کیا کہ ان کے دل میں یہ خیال اسکولوں کو بم کی دھمکی دینے کے پچھلے معاملوں سے آیا تھا۔ ویسے ان طلبا کے والدین کو وارننگ دیے جانے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔ اسی طرح ایک دیگر پولیس افسر کے مطابق روہنی اور پچھم وِہار واقع دو اور اسکولوں کو ان کے طلبا نے ہی دھمکی بھرے ای میل بھیجے تھے۔ اس کی بھی وجہ یہی تھی کہ طلبا چاہتے تھے کہ اسکول بند رہے۔غور طلب ہے کہ دھمکیوں کی وجہ سے گزشتہ 11 دنوں میں دہلی کے 100 سے زیادہ اسکولوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ پولیس نے پایا کہ ای میل وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کے توسط سے بھیجے گئے تھے، جس سے ان کے لیے قصورواروں کا پتہ لگانا مشکل ہو گیا تھا۔ اس سال مئی کے بعد سے 50 سے زیادہ بم کی دھمکی والے ای میل نے دہلی میں نہ صرف اسکولوں بلکہ اسپتالوں، ہوائی اڈوں اور ایئر لائنس کمپنیوں میں ڈر کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔