جموں// وزیر صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ حکومت جسمانی معذور افراد کو خودمختار، معیاری اور باعزت زندگی فراہم کرنے کے لیے ضروری وسائل اور معاونت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ معذور افراد کی پنشن ماہانہ 3000 روپے کرنے کا منصوبہ حکومت کے پاس زیر غور ہے اور اِس پر فیصلہ جلد آئے گا۔
وزیر موصوفہ نے یہ بات برہمن سبھا پریڈ، جموں میں معذور افراد کے لیے مصنوعی اعضاء، کیلپرز، بیساکھیاں، تین پہیوں والی سائیکلیں اور وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ پروگرام اتام ولبھ جین کلینک جموں نے منعقد کیا، جس کی سرپرستی رورل الیکٹریفکیشن کارپوریشن نے کی اور اس کی معاونت بھگوان مہاویر وکلنگ سہایتا سمیتی کوٹا نے فراہم کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی غیر متزلزل وابستگی پر زور دیا اور کہا کہ ان کی زندگیوں کو باعزت بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’موجودہ حکومت ہمیشہ سے معذور افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور انہیں معاشرے کا باعزت حصہ بنانے کے لیے پُرعزم رہی ہے۔ ہم ان افراد کو ضروری وسائل، آلات اور مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ وہ بھی باعزت زندگی گزار سکیں‘‘۔
تقریب میں مختلف شخصیات اور معذور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معذور افراد کی پنشن ماہانہ 3000 روپے کیے جانے کا منصوبہ زیر غور: سکینہ ایتو
