عظمیٰ نیوز ڈیسک
جے پور// جے پوراجمیر شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک المناک حادثے میں سی این جی ٹینکر کے دھماکے نے خوفناک تباہی مچا دی۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 44افراد بری طرح جھلس گئے ہیں۔ جھلسنے والے زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حادثے کی تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز 20دسمبر 2024صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایک تیز رفتار ٹرک نے سی این جی ٹینکر کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز 10 کلومیٹر تک سنی گئی۔ حادثے کے بعد لگنے والی آگ نے کم از کم 35 گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔حادثے کے فورا بعد جے پور کے ضلع کلکٹر جتیندر کمار سونی نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی میں مختلف محکموں کے چھ افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے احکامات پر یہ کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ حادثے کے اسباب کی جامع تحقیقات کی جا سکیں۔وزیراعلیٰ بھجن لال شرما نے اس المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاست میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔