سرینگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سینئر لیڈر اور ہریانہ کے پانچ بار وزیر اعلیٰ رہنے والے اوم پرکاش چوٹالہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
بتادیں کہ ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ جمعہ کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے گروگرام میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔
چوٹالہ انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے سربراہ تھے اور ہریانہ کی سیاست میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
پارٹی نے اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے عوامی خدمت میں آنجہانی چوٹالہ کی بے پناہ شراکت اور ہندوستانی سیاست میں ان کے اہم کردار کو یاد کرتے ہوئے سوگوار خاندان، انڈین نیشنل لوک دل اور ان کے مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا’۔
انہوں نے مرحوم کی روح کے لیے سکون اور اس مشکل وقت میں اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا کی۔
ڈاکٹر فاروق، عمر عبداللہ کا ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے انتقال پر اظہار دکھ
