سرینگر// چلہ کلان کی شروعات سے ایک روز قبل وادیی کشمیر سمیت جموں اور لداخ میں سردیوں کی شدت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ سرینگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شوپیاں وادی کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں منفی 9.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور پلوامہ میں منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور سونہ مرگ میں منفی 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور پہلگام میں منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔
ادھر، کپوارہ میں درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ، بانڈی پورہ میں منفی 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ، اور کولگام میں منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بانہال میں منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ، بھدرواہ میں منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ، اور پونچھ میں 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں درجہ حرارت منفی 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کرگل میں منفی 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ دنیا کے سرد ترین مقامات میں شامل دراس کا درجہ حرارت دستیاب نہیں تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، وادی میں 26 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ 21 اور 22 دسمبر کو موسم ابر آلود رہنے کے امکانات ہیں، جبکہ کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ نے عوام اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ برفانی سڑکوں اور اہم گزرگاہوں پر احتیاط برتیں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
وادی کے دیگر اضلاع میں بھی شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے۔ بارہمولہ میں منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ، بڈگام میں منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ، اور گاندربل میں منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق، آنے والے دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
چلہ کلان کی آمد || سرینگر سمیت کئی علاقوں میں سرد ترین رات ریکارڈ
