عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) اور کشمیر اکنامک الائنس (کے ای اے) نے بدھ کوڈپٹی کمشنر سرینگرڈاکٹر بلال محی الدین بٹ سے ملاقات کی، جس میں شہر کے تجارتی مراکز کے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل اور مطالبات پر بات چیت کی گئی۔ کے ٹی ایم ایف کے صدر محمد یاسین خان کی قیادت میں تاجروں کے مختلف تاجر ایسوسی ایشنوں، خصوصاً لال چوک، ریگل چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، مہاراجہ بازار اور شہر کے دیگر بازاروں کے نمائندوں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ تاجران ایسوسی ایشن سینٹرل لال چوک کے صدر فیروز احمد بابا نے لال چوک کے کاروباری طبقے کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ محمد یاسین خان، جو کشمیر اکنامک الائنس (کے ای اے) کے سربراہ بھی ہیں، نے شہر کے تجارتی علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل، ڈرینج سسٹم کی بہتری، عوامی واش رومز اور پینے کے پانی کی سہولتوں کو فعال بنانے، مارکیٹوں میں صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، اور پارکنگ کی سہولتوں کے قیام جیسے اہم مسائل پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مسائل غور سے سننے کے بعد متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تاجروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس میں شریک اہم نمائندوں میں محمد اسلم متو، عقیب نذیر، دین محمد متو، روف احمد شاہ، محمد الطاف بٹ، امتیاز احمد خان، شبیر احمد ڈبلا، شیخ خالد عزیز، محمد سلیم راتھر، ریگل ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر منظور احمد میر، مہاراجہ بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری فہیم احمد بٹ، تاجران ایسوسی ایشن کے صدر عارف کریم، لال بازار ایسوسی ایشن کے صدر پیر انتخاب عالم، نوشہرہ ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد نقش، غوثیہ ایسوسی ایشن خانیار کے صدر لطیف احمد صوفی، اور منور آباد ایسوسی ایشن کے صدر قاضی توصیف شامل تھے۔ اجلاس میں کئی ضلع افسران نے شرکت کی۔