عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر اویس احمد نے جمعرات کو کہا کہ سرینگر شہر کے 62 جنکشنوں پر 1000 سے زیادہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں تا کہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھی جا سکے۔ایچ ایم ٹی سرینگر میں انٹیگریٹڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر (آئی سی سی سی)میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر اویس نے کہا کہ انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (آئی ٹی ایم ایس)کے آغاز کے ساتھ ہی سرینگر شہر کے 62 جنکشنوں پر 1000 سے زیادہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنا اور تمام ،سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے حادثات سے پاک سفر کو یقینی بنانا ہے۔ڈاکٹر اویس نے کہا”آج ہم نے ایچ ایم ٹی میں انٹیگریٹڈ کمانڈ کنٹرول سینٹر (ICCC) کا آغاز کیا ہے۔ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو پکڑنے کے لیے سرینگر شہر کے 62 جنکشنوں پر 1000 سے زیادہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد تمام سڑک استعمال کرنے والوں بشمول ڈرائیور اور پیدل چلنے والوں کی زندگیاں بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر لگام لگانے کے لیے ٹیکنالوجی کو اب اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا “جو لوگ سیٹ بیلٹ، ہیلمٹ نہیں پہنتے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ہیں، یا ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی کا سہارا لیتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آنے والے وقتوں میں رفتار کی مزید خلاف ورزیوں کو بھی پکڑا جائے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایچ ایم ٹی کے علاوہ ایس ایس پی ٹریفک آفس سے بھی آئی ٹی ایم ایس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا”کل ہم نے خلاف ورزیوں کے خلاف 102 چالان درج کیے ، لوگوں کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ نظام ان کی حفاظت کے لیے ہے، اور یہ خلاف ورزی کرنے والے جرمانے سے بچ نہیں سکتے۔ ایک بار جب آپ کا نمبر پکڑا جاتا ہے، اس کے مطابق متعلقہ کو چالان پر کارروائی کی جاتی ہے،” ۔