محمد تسکین
بانہال// محکمہ جل شکتی (پی ایچ ای) کے ایک ڈیلی ویجر ملازم کی چند گاؤں والوں کے ہاتھوں مارپیٹ کے واقعے کے خلاف محکمہ کے ملازمین نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے فوری کارروائی نہ کرنے کی صورت میں جمعہ سے پانی کی سپلائی بند کرنے اور کام چھوڑ ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی ہے۔
یہ واقعہ بدھ کے روز بانہال کے قریب ہالیمیدان گاؤں میں پیش آیا۔ مارپیٹ کے اس واقعہ کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے، جس میں ملازم سبزار احمد گنائی کو گاؤں والوں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ زخمی ملازم کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال میں علاج کے لیے لایا گیا، اور پھر مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔
اپنے ساتھی کی مارپیٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کے ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی اور فوری کارروائی کی درخواست کی۔ مظاہرین نے تحصیلدار بانہال امتیاز احمد سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
تحصیلدار بانہال نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ پانچ افراد کے خلاف کیس درج کرے جنہوں نے ملازم پر حملہ کیا۔ زخمی ملازم نے اپنی شکایت میں ان افراد کے نام بھی درج کیے ہیں۔
ڈیلی ویجر ملازمین کے نمائندگان کا کہنا ہے کہ اگر جمعرات تک اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ جمعہ سے پینے کے پانی کی سپلائی بند کر کے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔