ہندوارہ// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا ہے کہ انتظامیہ آنے والے سرمائی موسم اور اہم تقریبات کے لیے بروقت اور مؤثر تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندواڑہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بدھوری نے کہا کہ گلمرگ میں کھیلو انڈیا گیمز اپنے طے شدہ وقت پر منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا، “گزشتہ سال برفباری میں تاخیر کے باعث شیڈول متاثر ہوا تھا، لیکن رواں سال ہم توقع رکھتے ہیں کہ کھیل اپنے طے شدہ وقت پر ہوں گے”۔
صوبائی کمشنر نے ضلع کپواڑہ میں سیاحت کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور بتایا کہ بونگس فیسٹیول جیسے اقدامات اس سلسلے میں اہم ہیں۔ انہوں نے کہا، “بنگس میں ماحول دوست سیاحت کے لیے زبردست امکانات موجود ہیں، اور ہم اسے کپواڑہ کی ایک اہم کشش کے طور پر اجاگر کرنے کے مزید طریقوں پر غور کر رہے ہیں”۔
سردیوں کی تیاریوں کے حوالے سے بدھوری نے یقین دلایا کہ رواں سال انتظامیہ گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تمام تیاریاں مکمل ہوں اور یہ سرما پچھلے سال سے بہتر ثابت ہو”۔
گلمرگ میں کھیلو انڈیا مقابلے وقت پر شروع ہوں گے: صوبائی کمشنر
