عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر پولیس نے بدھ کے روز دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے غیر قانونی چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، پولیس سٹیشن نوہٹہ کی ایک ٹیم نے مالکھا چوک پر معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 40 گرام چرس نما مادہ برآمد ہوا۔ گرفتار شخص کی شناخت زبیر احمد آہنگر ولد امین آہنگر، ساکن کاٹھی دروازہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار شخص کے انکشاف پر ایک اور شخص، بلال احمد شیخ ولد غلام قادر شیخ، ساکن تجگری محلہ، کو پرانے مالکھا چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران تقریباً 80 گرام چرس برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس سٹیشن نوہٹہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 56/2024 درج کی گئی ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔