یواین آئی
نئی دہلی// سابق وزیر اعظم اور جنتا دل (ایس) کے سینئر لیڈر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے ملک کے آئین کو بہت مضبوط بتاتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ جس نے بھی آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، اسے سزا دی گئی ہے۔ایوان میں آئین کے 75 سال کے شاندار سفر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے دیوے گوڑا نے کہا کہ ملک کے لیے آئین سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین اتنا مضبوط
ہے کہ جس نے بھی آئین سے کھلواڑ کرنے کی کوشش کی، آئین نے اسے سزا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آئین نے انہیں کسان کے بیٹے کی حیثیت سے ملک کا وزیر اعظم بننے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے ملک کو ایسا آئین دینے پر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ترنمول کانگریس کی سشمیتا دیو نے کہا کہ ہمارا آئین رضامندی کا دستاویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی مساوات کے ساتھ ساتھ معاشی مساوات کا حق بھی آئین میں دیا گیا ہے لیکن ملک میں امیر اور غریب کا فرق بہت بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسان قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جب کہ بڑے صنعت کاروں کے قرضے معاف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں حکومت نے آئین میں دیئے گئے تمام حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔سی پی آئی (ایم) کے جان برٹاس نے کہا کہ ملک میں ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان کا ایک ہفتے کا وقت جارج سوروس کے نام پر ضائع کیا گیا، یہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کرنے کے مترادف ہے۔