عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// ضلع پولیس سرینگر نے غیر قانونی منشیات فروشی کے زریعے حاصل کی گئی جائیداد،دو گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔ یہ جائیداد دو منشیات فروشوں الطاف احمد شاہ عرف پاچا ولد غلام حسن شاہ ساکنہ دلال محلہ اور راقیب احمد ڈار ولد عبدالسلام ڈار ساکنہ راجوری کدل کی ملکیت تھی، جو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں ملوث ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ ایم آر گنج سرینگر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات ایف آئی آر نمبر 48/2024 اور51/2024 کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ جائیدادیں غیر قانونی منشیات کے کاروبار سے حاصل آمدنی سے خریدی گئی ہیں جنہیں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت ضبط کرلیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اثاثے ضبط کرنے کے عمل کے دوران قانونی تقاضے مکمل طور پر پورے کیے گئے۔
واضح رہے کہ یہ کاروائی سرینگر پولیس کی جانب سے گزشتہ چند مہینوں میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کے غیر قانونی اثاثوں کے خلاف کریک ڈاؤن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا کیونکہ یہ حکمت عملی سماج کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
جموں و کشمیر پولیس سماج کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم پر ثابت قدم ہے۔