جموں// سابق رکن پارلیمنٹ (ایم پی) لداخ اور ریٹائرڈ ڈی آئی جی حاجی غلام حسن خان منگل کے روز 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ جموں کے بٹھنڈی علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر اس دار فانی سے رخصت ہو گئے۔
حاجی غلام حسن خان 11 دسمبر 1936 کو لداخ کے ضلع کرگل کے بتالک علاقے کے گاؤں سملو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس میں بطور ڈی آئی جی خدمات انجام دینے کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور لداخ کے ایک معروف سیاسی رہنما کے طور پر ابھرے۔ خان نے 1999 اور 2009 میں لداخ سے دو بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
1999 میں حاجی غلام حسن خان نے نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر انتخابات لڑے جبکہ 2009 میں وہ آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب ہوئے۔ ان کی خدمات اور لداخ کی تعمیر و ترقی کے لئے ان کے غیر متزلزل کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
حاجی غلام حسن خان پسماندگان میں اپنی اہلیہ، ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے بیٹے فیروز احمد خان سابق چیف ایگزیکٹو کونسلر (سی ای سی) لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل اور موجودہ کونسلر ہیں۔
حاجی غلام حسن خان کے انتقال پر مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی کرگل ڈاکٹر محمد جعفر اخون، سابق چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی، سماجی و سیاسی کارکن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن سجاد حسین کرگلی نے حاجی غلام حسن خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ لداخ حاجی غلام حسن خان انتقال کر گئے
