عظمیٰ نیوز سروس
بانہال // گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں پیر پنچال ادبی فورم بانہال کی طرف سے ایک اہم ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری ، پوگلی اور کھاہ زبان کے شعراء اور ادیبوں نے شرکت کی ۔ اس موقع نائب پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بانہال منظور احمد کامگار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ پوگلی بزم ادب کے چیئرمین عبدالطیف بلبل مہمان ذی وقار کی حیثیت سے ایوان صدارت میں براجمان رہے۔ یہ تقریب دو نشستوں پر مشتمل تھی ، پہلی نشست میں ڈاکٹر ظاہر بانہالی کا سالانہ رسالہ “آبشار” کی رسم رونمائی انجام دی گئی ۔ اس تقریب میں جن شعراء و قلمکاروں نے شرکت کی ان میں منظور احمد کامگار، بہار احمد بہار، محمد یوسف بمبور، گل محمد جان ، جواد بانہالی، عبدالطیف بلبل، شوکت احمد لون، ڈاکٹر شکیل احمد سوہل، بہار احمد میر، شمس مجروح، شوکت علی وغیرہ قابل ذکر تھے۔دوسری نشست میں کثیر اللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیر ی، کھاشا اور پوگلی زبانوں میں شعراء نے اپنا اپنا کلام پیش کرتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا۔ محفل مشاعرہ کی اس نشست میں جواد بانہالی، عبدالطیف بلبل، ڈاکٹر ظاہر بانہالی، ڈاکٹر شکیل احمد سوہل، بہار احمد بہار، گل محمد جان، محمد یوسف بمبور ،بہار احمد میر، شوکت احمد لون، شمس مجروح وغیرہ شامل تھے۔ اس تقریب میں اپنے صدارتی خطبے میں منظور احمد کامگار نے پیر پنچال ادبی فورم بانہال کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے آبشار کی مسلسل اشاعت پر ڈاکٹر طاہر بانہال کو مبارکباد پیش کی ۔ اسکے علاوہ منظور احمد کامگار نے بومبرن باغ کاشر بزم ادب مہو کے صدرمحمد یوسف بمبور اور رنگہ آب بزم ادب کے صدر گل محمد جان کے ادبی شوق و ذوق اور کار ناموں کے علاوہ مہو و منگت کی مہمان نوازی کی داد دیتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ یہ لوگ اپنے اخلاقیات کیوجہ سے اللہ کے سامنے بھی سروخرو ہوں گے ۔ اس تقریب میں نظامت کے فرائض شوکت احمد لون نے نہایت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دئے۔