چلہ کلان کے موقعہ پر بالائی علاقوں میں موسم بدے گا
سرینگر//کشمیر میں پیر کے روز کم سے کم درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔پیر کو وادی میں دسمبر کی کمزور دھوپ نکلی ہوئی تھی جبکہ جموں میں سورج بادلوں کی پتلی تہہ سے جھانک رہا تھا۔وادی میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہا ۔ سردی کی لہر برقرار رہی اور محکمہ موسمیات نے 21 دسمبر تک سرد، خشک موسم اور 21 دسمبر کی شام سے 22 دسمبر کی صبح کے درمیان اونچائی پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔سرینگر میں منفی 3.4، گلمرگ میں منفی 4 اور پہلگام میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں 5، کٹرہ 6.9، بٹوٹ 4.5، بانہال 1 اور بھدرواہ میں 3.9 درجہ حرارت کم سے کم درج کیا گیا۔سخت سردی کی 40 دن کی طویل مدت جسے مقامی طور پر ‘چِلہ کلان’ کہا جاتا ہے 21 دسمبر سے شروع اور 30 جنوری کو ختم ہوتا ہے۔ اس عرصے کے دوران زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کے درمیان فرق کم ہو جاتا ہے جس سے سردی میں اضافہ ہوتا ہے۔چلہ کلان میں ابھی کچھ دن باقی ہیں لیکن اس نے پہلے ہی اپنی آمد کا بگک بجایا ہے کیونکہ پچھلے ایک ہفتے سے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور دن میں کمزور دھوپ کھلی رہتی ہے۔فی الحال کشمیر میں راتیں بہت سرد اور دن قدرے گرم رہتے ہیں۔