اشرف چراغ
کپوارہ// نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، کپوارہ پولیس نے کرناہ علاقے میں منشیات فروشوں کی دو رہائشی جائیدادوں کو قرق کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی علاقے میں اپنی نوعیت کی پہلی ہے، جو پولیس کے منشیات کے خلاف عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قرق جائیدادوں میں سے ایک پنگلا ہری ڈل میں واقع ہے، جو طالب حسین شاہ کے بیٹے ریاض احمد شاہ کی ملکیت ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ جائیداد پولیس سٹیشن کرناہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 02/2019 کی تحقیقات میں قرق کی گئی۔
دوسری جائیداد چتر کوٹ کرناہ میں واقع ہے، جو جہانگیر احمد خان ولد رحمت عی خان کی ہے۔ یہ جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 14/2020 کے حوالے سے قرق کی گئی۔
ان جائیدادوں کی مجموعی مارکیٹ قیمت تقریباً 40 لاکھ روپے ہے۔