رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ بازار میں ’مامے دی ہٹی‘ نامی مٹھائی کی دکان پر اتوار کی دیر شام بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اْٹھی تاہم دکان کے مالک کی بروقت اطلاع پر فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی دو منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی اور اہلکاروں نے بڑی محنت کے ساتھ آگ پر قابو پایا، جس کے نتیجے میں دکان کو زیادہ نقصان ہونے سے بچا لیا گیا۔دکان کے مالک نے فوراً فائر اینڈ ایمرجنسی میں کال کی تھی، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی ونگ کے اہلکاروں نے عملی طور پر آگ پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کی۔ یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ خشک سالی کے دوران شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل، جمعہ کی دیر رات بگنوٹی گاؤں میں بھی ایک ہارڈ ویئر کی دکان میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔مقامی عوام نے فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کو سراہا اور ان کی محنت کو زبردست الفاظ میں پذیرائی دی۔