عظمیٰ نیوزسروس
جموں// پاکستانی ڈرون کے ذریعے تقریباً آدھا کلو اعلیٰ معیار کی منشیات بھارت لانے کی کوشش کو بارڈر سیکورٹی فورس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔حکام نے بتایا کہ ڈرون کو بین الاقوامی سرحد کے قریب ارنیا سیکٹر میں چنار بارڈر آؤٹ پوسٹ کے علاقے سے ضبط کیا گیا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی رات 8بجکر 10منٹ پر مستعد اہلکاروں نے پاکستانی ڈرون کو روک کر 495گرام منشیات برآمد کی۔بی ایس ایف کے اہلکاروں کی مستعدی اور فرض شناسی نے ایک بار پھر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا”بی ایس ایف جموں کے اہلکاروں کی مسلسل نگرانی اور محنت نے ایک اور اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا کر ملک کی سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کو ثابت کیا ہے”۔مزید تحقیقات کے لیے ضبط شدہ ڈرون اور منشیات کو متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کی ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر سخت نگرانی جاری رہے گی۔