مشتاق الاسلام
شوپیاں// ضلع پولیس شوپیاں نے منشیات کے خلاف اپنی جاری مہم کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 381 گرام ہیروئن ضبط کر لی۔
پولیس کو بونہ بازار کے ایک رہائشی مکان میں منشیات کے کاروبار کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بشیر احمد صوفی ساکن بونہ بازار ہرگام اور پرویز احمد پیر ساکن تجر سوپور کو گرفتار کیا گیا۔
یہ کارروائی ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شوپیاں اور ایس ایچ او شوپیاں کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے بشیر احمد صوفی کے گھر پر چھاپہ مار کر منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی۔
اس سلسلے میں مقدمہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن 8/21 کے تحت درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کے نیٹ ورک کے دیگر روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔
ایس ایس پی شوپیاں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور منشیات کے استعمال یا سمگلنگ سے متعلق کوئی بھی معلومات خفیہ طور پر PCR شوپیاں کی ہیلپ لائن نمبر 9596768831 پر فراہم کریں۔
ضلع پولیس شوپیاں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ معاشرے کو منشیات کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے پرعزم ہے اور ایک منشیات سے پاک، روشن مستقبل کی تشکیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔