عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// شدید سردی کی لہر کے درمیان، جموں و کشمیر میں 22 دسمبر کو برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آزاد ماہرِ موسمیات عمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی ہے کہ مغربی ہواؤں کا دباؤ (ویسٹرن ڈسٹربنس) جموں و کشمیر کو متاثر کرے گا، جس سے وادی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
عمر نے اپنی پوسٹ میں کہا، “جموں و کشمیر کے لیے برفباری کی تیاری… 22 دسمبر کو معتدل سے شدید مغربی ہواؤں کے دباؤ کی توقع ہے”۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلند پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔
اسی بیچ وادی میں شدید سردی کا راج برقرار ہے۔ ہفتے کے روز وادی کشمیر میں کم سے کم درجہ حرارت مزید گر گیا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سرینگر میں درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو پچھلی رات سے دو درجے کم ہے۔
گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ، پہلگام میے منفی 8.4، قاضی گنڈ میں منفی 5.6 ڈگری کپواڑہ، منفی 4.7 ڈگری، کوکرناگ میں منفی 4.2 اور سونمرگ میں منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گاندربل اور بڈگام میں درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.8 اور منفی 5.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسی دوران جموں کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت منجمد ہونے سے اوپر رہا: رام بن میں 14 ڈگری، کٹرہ میں 7.5، پونچھ میں 4.9، بانہال میں 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ کے کرگل میں درجہ حرارت منفی 14.3 ڈگری اور لیہہ میں منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو علاقے کی سخت سردی کو ظاہر کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 21 دسمبر تک خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے، تاہم سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔