جموں//پونچھ ضلع کے مینڈھر سیکٹر کے لوگوں کے لیے ایک اہم پیش رفت میں، مرکزی وزارت داخلہ نے جموں-پونچھ-مینڈھر کو جوڑنے والے ایک نئے سبسڈی والے ہیلی کاپٹر روٹ کو جموں-مینڈھر- کے ایک اضافی آپشن کے ساتھ منظوری دی ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے ایک باضابطہ مواصلت میں کہا گیا ہے “جموں-پونچھ-مینڈھر کے نئے روٹ پر سبسڈی والے ہیلی کاپٹر خدمات کو جموں-مینڈھر-جموں کے اضافی آپشن کے ساتھ چلانے کے لیے جموں و کشمیر یوٹی کی تجویز کا آئی ایف ڈی اور اس محکمہ کے ساتھ مشاورت سے جائزہ لیا گیا ہے۔ مذکورہ راستے پر کوئی اعتراض نہیں ہے‘‘۔مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ منظور شدہ بجٹ مختص کے اندر وزارت داخلہ سے سبسڈی کا دعوی کریں۔یہ فیصلہ محکمہ شہری ہوابازی جموں و کشمیر کے سیکرٹری محمد اعجاز اسد کی جانب سے مینڈھر کے دور دراز علاقے کو سرمائی دارالحکومت جموں سے براہ راست جوڑنے کے لیے پیش کی گئی تجویز کے بعد کیا گیا ہے۔