کٹرہ یاتری بس حملہ معاملہ ؔ ملزم کیخلاف چارج شیٹ دائر

Towseef
2 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر میں شیو کھوڑی رانسو سے کٹرہ جانے والی یاتریوں کی بس پر ہونے والے ملی ٹینٹ حملے کے کیس میں ایک ملزم کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔این آئی اے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ این آئی اے نے این آئی اے سپیشل کورٹ جموں میں اپنی چارج شیٹ میں گرفتار ملزم حاکم خان عرف حکیم دین کو تعزیراتِ ہند اور یو اے (پی) ایکٹ کے مختلف سیکشنز کے تحت چارج کیا ہے۔یہ حملہ 9جون 2024کو اس وقت ہوا جب نامعلوم ملی ٹینٹوں نے جھنڈی موڑ کے قریب کندا میں یاتریوں کی بس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں آٹھ یاتریوں اور بس کے ڈرائیور کی موت واقع ہوئی، جبکہ 41یاتری شدید زخمی ہوئے۔ حملہ کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور ریاست جموں و کشمیر میں آنے والے یاتریوں کو نشانہ بنانا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں بس کا ڈرائیور سر میں گولی لگنے سے بے ہوش ہو گیا اور بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور دیگر زخمی ہوئے۔این آئی اے کو وزارت داخلہ، حکومتِ بھارت کی طرف سے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ این آئی اے نے تفصیلی تحقیقات اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد حاکم کو گرفتار کیا، جس نے حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق حاکم خان نے ملی ٹینٹوں کے حملے کی منصوبہ بندی میں اہم معاونت فراہم کی تھی۔ اس نے ملی ٹینٹوں کو کھانا اور رہائش کی سہولتیں فراہم کیں اور حملے کے مقام کی نشاندہی میں ان کی مدد کی۔این آئی اے کی جانب سے کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Share This Article