عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جمعہ کے روز کہا کہ ریاست کے بجلی کے شعبے میں کچھ خامیاں موجود ہیں جنہیں دور کرنے اور سخت سردیوں و برفباری کے پیش نظر اضافی اسٹاک کی ضرورت ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایات پر بجلی ترقیاتی محکمہ (PDD) کے ساتھ سرینگر میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔
انہوں نے کہا، “میٹنگ میں بجلی کے موجودہ سٹاک اور شعبے کی خامیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اب بھی کچھ کمیاں باقی ہیں اور موسم سرما کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اضافی سٹاک کی ضرورت ہے”۔
چودھری نے مزید کہا کہ ریاست میں منتخب حکومت ہونے سے عوام کو اپنے مسائل پر آواز اٹھانے کا موقع ملا ہے۔ اگر کشمیر میں غیر اعلانیہ یا مشکلات پیدا کرنے والے بجلی کے کٹوتی جیسے مسائل پیش آئیں تو لوگ براہ راست اپنی حکومت سے شکایت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “عوام کو اطمینان ہوگا کہ ان کی منتخب حکومت کام کر رہی ہے اور حکومت عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے”۔
نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ برفباری کے موسم میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ حکومت نے تمام علاقوں میں اپنے نمائندے تعینات کر دیے ہیں۔