یواین آئی
نئی دہلی// نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج ہم وطنوں کی جانب سے ان شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 13 دسمبر 2001 کو دہشت گردانہ حملے سے پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ لوک سبھا میں اوم برلا کی قیادت میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہاکہ پارلیمنٹ کمپلیکس کی حفاظت کے لئے تعینات ہماری چوکس سیکورٹی فورسز نے بے مثال ہمت اورشجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے اس حملے کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے پارلیمنٹ سیکورٹی سروس، دہلی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 8 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ اس حملے میں سی پی ڈبلیو ڈی کا ایک ملازم بھی شہید ہوا تھا۔ یہ ایوان 13 دسمبر، 2001 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران پارلیمنٹ کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے تمام شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔اس موقع پر ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے مادر وطن کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر کئی مرکزی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ، شہداء کے اہل خانہ اور دیگر معززین نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری پی سی مودی نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور دیگر معززین نے شہیدوں کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں لگائے گئے خون کے عطیہ کیمپ کا بھی دورہ کیا اور خون کے عطیہ کرنے والوں اور طبی عملے سے بات چیت کی۔