یواین آئی
نئی دہلی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے لوک سبھا میں بتایا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن حکومت ایسے حالات میں بہت سمجھداری سے کام کرتی ہے۔وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے منیش تیواری کے سوال کے جواب میں جے شنکر نے کہا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز چین کے ساتھ سرحد کے ڈیپسانگ علاقے میں تمام پٹرولنگ پوائنٹس تک پہنچ سکیں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں لوک سبھا میں پہلے ہی تفصیلی بیان دے چکے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے نوین جندل کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے، حکومت کا ہمیشہ سے ایسا نظریہ رہا ہے، لیکن اب گیند پاکستان کے کورٹ میں ہے۔ پاکستان کو دکھانا ہوگا کہ اس کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔ جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک کے بارے میں اپنی تشویش وہاں کی حکومت سے ظاہر کی ہے۔ حال ہی میں بنگلہ دیش کے دورے کے دوران خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے بھی وہاں کے حکام کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے ورکروں کے مفادات کا خیال رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے اور متعلقہ ممالک کے ہندوستانی سفارت خانوں سے ہر ضرورت مند کو فوری مدد فراہم کی جاتی ہے۔ بیرونی ممالک میں مصیبت میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کا کام پوری تندہی کے ساتھ کیا جاتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ورکروں کو چاہیے کہ وہ سرکاری پورٹل پر رجسٹرڈ ایجنٹوں کے ذریعے ہی بیرون ملک ملازمتوں پر جانے کی کوشش کریں۔