عظمیٰ نیوزڈیسک
حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، ڈین المنائی افیئرس کی جانب سے ’’اردو یونیورسٹی سے تعلیم میری کامیابی کا راز‘‘ کے موضوع پر دوسرا سمینار 17 دسمبر 2024ء منگل منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ سمینار اسکول آف کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ کے سمینار ہال میں منعقد ہوگا۔ ڈین المنائی افیئرس پروفیسر سید نجم الحسن کے مطابق مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اپنے تعلیمی سفر کے 26 برس کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔ جس کے دوران اردو میڈیم کے لاکھوں طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے مختلف شعبۂ حیات میں بآختیار بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے گئے۔ آج بھی ملک بھر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ہزاروں اردو میڈیم سے تعلیم کے خواہشمند طلبہ کا اہم مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس پس منظر میں ڈین الومنائی افیئرس یہاں سے فارغ ہونے والے ایسے طلبہ کے کامیاب تعلیمی سفر کو نمایاں کرنے کے مقصد سے اس سمینار کا انعقاد کر رہا ہے۔ جس کا مقصد اردو یونیورسٹی میں موجود تعلیم کے مواقعوں کے متعلق اردو طلبہ میں آگہی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس سمینار میں ایسے طلبہ کو مدعو کیا گیا ہے جنہوں نے ملک کے مختلف ریاستوں سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا سفر کیا۔