عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// کانگریس کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے جمعے کے روز کہا کہ ’ون نیشن، ون الیکشن‘ کا فارمولہ سمجھ سے بالاتر ہے اور بھارت جیسے وسیع ملک میں ایک ساتھ تمام انتخابات کرانے کا تصور بھی ممکن نہیں۔
اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران غلام احمد میر نے کہا، “جہاں تک ’ون نیشن، ون الیکشن‘ کا تعلق ہے، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس کے بارے میں سوچنا بھی مناسب نہیں۔ بھارت ایک بڑا ملک ہے اور یہاں پر ایک ساتھ انتخابات کرانا عملی طور پر ناقابل قبول لگتا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم معاملے پر پارلیمانی ارکان اپنی رائے دیں گے اور مختلف پہلوؤں پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی کابینہ کی جانب سے ’ون نیشن، ون الیکشن‘ کے مسودے کو منظوری ملنے کے بعد ملک بھر میں سیاسی حلقوں میں اس پر شدید بحث جاری ہے۔