عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نےضلع پونچھ میں کلسٹر ٹرائبل ماڈل وِلیج اور قبائلی بہبود سے متعلق مختلف کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سمیت ضلع کے دیگر اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر جاوید احمد رانا نے میٹنگ کے شروعات میں تمام جاری اور زیر اِلتوا ٔترقیاتی کاموں کی تکمیل پر زور دیا اور اِس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبوں پر کام کے عمل کو تیز کر کے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو ہدایت دی کہ وہ قبائلی بہبود کے تمام جاری منصوبوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیں تاکہ اُن کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر موصوف نے ڈی پی آر، ٹینڈرنگ کے عمل اور عمل آوری کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں معیار، کنورجنسی ماڈل اور محکمہ کی طرف سے قبائلی علاقوں میں تعلیم، صحت نگہداشت، مٹی کے تحفظ اور دیرپا ذریعہ معاش پر خصوصی توجہ کے ساتھ کی جانے والی فعال کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔اُنہوں نے کلسٹر ماڈل گائوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ یہ اَقدام قبائلی کمیونٹیوںکو جدید بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کرکے اُن کی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کلسٹر ٹرائبل ماڈل وِلیج کے تحت مختلف کاموں کی طبعی و مالی پیش رفت پیش کی اور کہا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔جاوید احمد رانا نے ضلع میں جل جیون مشن کی پیش رفت کے بارے میںاَفسران سے کہا کہ وہ منصوبوں کی تکمیل میں کام کے معیار کو برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے اِس باوقار پروجیکٹ کی عمل آوری کے حوالے سے شکایات آ رہی ہیں اور اُنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔اُنہوںنے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اِن منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے کمر بستہ ہوجائیں جو تکمیل کے قریب ہیں تاکہ اُنہیں جلد از جلد عوام کے لئے وقف کیا جاسکے۔ دورانِ میٹنگ ڈائریکٹر قبائلی امور کو ہدایت دِی گئی کہ وہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ مل کر تمام منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سکیموں کے تحت شامل کیا جاسکے اور کوئی بھی اہل مستفید اِن سکیموں سے فائدہ اُٹھانے سے محروم نہ رہے۔وزیر نے قبائیلیوں تک پہنچنے میں افسروں کی لگن کی ستائش کرتے ہوئے اُن سے کہا کہ وہ ضلع میں کام شروع کرنے سے پہلے مقامی لوگوں کو اعتماد میں لیں جن کے لئے فلاحی اَقدامات پورے کئے جاتے ہیں۔ میٹنگ میں جاوید احمد رانا نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو مینڈھر بس سٹینڈ پر تجاوزات کا جائزہ لینے اور ٹائون میں ٹریفک مینجمنٹ کے لئے تفصیلی پلان بھی پیش کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی اوورچارجنگ کو بھی دیکھنے کو کہا اور کہا کہ یہ مسئلہ عوامی اہمیت کا حامل ہے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔