عاصف بٹ+اشتیاق ملک
کشتواڑ+ڈوڈہ //اننت ناگ ضلع کو کشتواڑ کے مڑواہ علاقہ سے جوڑنے والے مرگن ٹاپ پر اینٹوں سے لدا ایک ٹرک حادثے کاشکار ہونے کے بعد کنڈیکٹر کی موت واقع ہوئی جبکہ ڈرائیورزخمی ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق مرگن ٹاپ پر اینٹوں سے لدا ایک ٹرک زیر نمبرJK03K-2017جمعرات کی صبح حادثے کا شکارہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق اننت ناگ سے واڑون جا رہے اس ٹرک نے مرگن ٹاپ پر اپنا کنٹرول کھو دیا اور گہری کھائی میں جا گرا۔کچھ ہی دیر میں پولیس اور مقامی لوگوں کی ایک ٹیم ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو بچانے کیلئے موقع پر پہنچ گئی۔ جہاں سے دونوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ٹرک کے کنڈیکٹرکو پہلے ہی مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ ڈرائیور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نےبتایا کہ متوفی کی شناخت ممتاز احمد ٹنڈوا ولد محمد اسماعیل ٹنڈوا اور زخمی کی شناخت مظفر علی کھٹانہ ولد ارشاد احمد کھٹانہ ساکنان گدرمن لارنو کوکرناگ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکےتحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھرڈوڈہ ضلع کے کاستی گڑھ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک خاتون سمیت 7افراد زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر JK03C-8853صدر باغ راج گڑھ سڑک پر حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 7افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ان کی شناخت تنویر احمد ولد امتیاز احمد، بشیر احمد ولد عبدالجبار، پربھات سنگھ ولد ہیمت راج، اختر حسین ولد عبدالغنی، روبینہ بیگم زوجہ محمد رفیق و محمد رفیق ولد محمد رمضان کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔اس دوران حکام نے بتایا کہ2نامعلوم افراد اس وقت اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب ان کا لوڈ کیریئر بدھ کی رات سانبہ میں نود مانسر کے قریب ایک کھائی میں گر گیا۔انہوں نے بتایا کہ لوڈ کیریئر کے ڈرائیور نے، ایک گائے اور ایک بچھڑے کو لے کر، ایک چیک پوائنٹ کو پھلانگ لگا کر ایک پولیس اہلکار کو زخمی کر دیا، اس سے پہلے کہ اس کی گاڑی سڑک سے پھسل کر نیچے گر گئی۔حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ایک اور حادثے میں شام دیر گئے ضلع رام بن میں جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ماروگ کے قریب ایک کار کھائی میں گر گئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ رام بن کے دیگھوری گاؤں کے رہنے والے اشوک سنگھ کو امدادی کارکنوں نے مردہ پایا، جب کہ گاڑی میں سوار دیگر دو افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔