عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
دمشق//شام کے عبوری وزیر اعظم نے پناہ گزینوں سے واپس آنے اور ملک کی تعمیر نو کرنے کی اپیل کی ہے ۔شام کے نئے عبوری وزیر اعظم محمد البشیر نے لاکھوں پناہ گزینوں کو واپس لانے ، شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور بنیادی خدمات بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے بیرون ملک مقیم شامی باشندوں سے وطن واپسی کی اپیل کی اور کہا ہے کہ ان کی واپسی ملک کی تعمیرِ نو کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ شام نے اپنا کھویا ہوا فخر دوبارہ حاصل کر لیا ہے اور اب یہ ایک آزاد ملک ہے ۔البشیر نے اس بات پر زور دیا کہ شام کے شہروں میں سلامتی و استحکام کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ ادھرشام کے باغی رہنما ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ وہ بشارالاسد کی حکومت کی سکیورٹی فورسز کو تحلیل کرکے بدنام زمانہ جیلوں کو بند کردیں گے ۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنائیں گے ۔ ان کے گروپ کی موجودہ عبوری حکومت مارچ 2025 تک کام کرے گی۔ابو محمد الجولانی نے کہا کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ ڈپو کو محفوظ بنانے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔باغی گروپ نے ان کیمیائی ہتھیاروں کو کسی بھی صورت میں استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔