عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انڈین اسٹریٹ پریمئر لیگ (ISPL)سیزن 2کی نیلامی میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، جس میں 6ٹیموں نے آنے والے سیزن کیلئے مضبوط ٹیمیں بنانے کا موقع استعمال کیا۔ یہ سیزن 26جنوری سے 15فروری 2025تک ممبئی کے دادوجی کنداڈیوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ممبئی میں ہونے والی اس بڑی نیلامی میں 350کھلاڑیوں کو پیش کیا گیا، جنہیں 55شہروں سے منتخب کر کے وسیع پیمانے پر ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا۔ نیلامی کے دوران 96 کھلاڑیوں کو چھ ٹیموں نے منتخب کیا۔ امیتابھ بچن کی ٹیم ’مجھِی ممبئی‘ نے 20.50لاکھ روپے کی حیرت انگیز بولی کے ساتھ ابھیشیک کمار دالہور کو سب سے مہنگا خرید لیا، جو 3لاکھ روپے کی ابتدائی قیمت سے بڑھ کر تھا۔ نیلامی میں سب سے کم عمر کھلاڑی 15سالہ شارق یاسر کو ’سرینگر کے ویر‘نے 3لاکھ روپے میں خریدا، جو اکشے کمار کے زیر ملکیت ہے۔ٹیم مالکان بہترین کھلاڑیوں کو اپنے 16رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کیلئے پرعزم تھے، جس کی وجہ سے نیلامی میں سخت مقابلہ تھا۔ نیلامی کے اختتام تک، چھ فرنچائزز نے مجموعی طور پر 5.54کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے۔