عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں ایک شخص کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کرنے والے چھ افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کو اُس وقت پیش آیا جب ملزمان نے ایک شخص پر فائرنگ کی اور پھر اُسے شہر کے نواحی علاقے رنگ روڈ کنجوانی کے قریب تقریباً 60 فٹ کی بلندی سے نیچے پھینک دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد نے اُسے ہسپتال پہنچایا اور پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔
پولیس نے بشناہ پولیس تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی۔
ترجمان نے بتایا کہ چھ ملزمان کو واقعے کے 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزمان نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان کے انکشافات کی بنیاد پر ایک ملک ساختہ پستول برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ملزمان کے زریعے استعمال کی جانے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔