بشارت راتھر
راجوری// ضلع راجوری کی تحصیل خواص کے بڈھال علاقے میں ایک ہی گھر سے معصوم بچوں کی اچانک اموات نے کہرام مچا دیا ہے۔
بڈھال کی پنچایت حلقہ بی موڑا شترون کے رہائشی محمد رفیق کے گھر اس وقت قیامت برپا ہوگئی جب ان کے تین بچوں کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ معمولی بخار سے شروع ہونے والی بیماری کے باعث ان کی سات سالہ بیٹی نازیہ کوثر جاں بحق ہوگئی۔
بچی کی موت کے بعد دونوں بھائیوں کو نازک حالت میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کنڈی کوٹرنکہ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد ان کی حالت مزید بگڑنے پر انہیں جی ایم سی راجوری ریفر کیا گیا۔
متاثرہ بچوں کی شناخت 12 سالہ محمد اشفاق اور 10 سالہ اشتیاق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
اشتیاق احمد کو نازک حالت کے پیش نظر جی ایم سی جموں لے جایا جا رہا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ نوشہرہ کے قریب دم توڑ گیا۔
یہ واقعہ علاقے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہونے والی پراسرار اموات کے سلسلے کی کڑی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ رواں ماہ کی 7 تاریخ کو بھی اسی علاقے میں فوڈ پوائزننگ کے باعث ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ایک بچہ اور اس کی ماں جی ایم سی جموں میں زیر علاج تھے۔ افسوسناک طور پر آج دوپہر اس بچے کی بھی موت واقع ہوگئی، جس کے بعد علاقے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات تک پہنچ چکی ہے۔
علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، اور مقامی افراد نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مطالبہ کیا ہے کہ صحت کے محکمے کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم کو فوری طور پر علاقے میں بھیجا جائے تاکہ پراسرار اموات کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔