عظمیٰ نیوز سروس
نوشہرہ //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راکیش مگوترا، چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) راجوری ڈاکٹر منوہر لال رانا اور بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) نوشہرہ ڈاکٹر اقبال ملک کی نگرانی میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (SDH) نوشہرہ میں پانچ سیزرین سیکشن کامیابی سے انجام دئیے گئے۔یہ طریقہ کار ڈاکٹر بابا سنگھ (گائناکولوجسٹ) اور ڈاکٹر وسیم چوہان (اینستھیٹسٹ) نے اپنی مہارت سے انجام دیا، جنہیں ائو ٹی تکنیکی ماہرین کوشل شرما، پنکج شرما، اور لیاقت حسین کے ساتھ ٹیم کے دیگر ارکان محمد صادق، سچن بخشی ،ساحل چودھری (انٹرن اینستھیزیا)، اور کویتا (انٹرن بی ایس سی نرسنگ) کی مدد حاصل تھی۔ پورا عملہ ایس ڈی ایچ نوشہرہ کے اس اہم سنگ میل میں شامل رہا۔نوشہرہ کے مکینوں نے ڈاکٹر وسیم چوہان کے لئے اظہار تشکر اور ستائش کیا، جو ایس ڈی ایچ نوشہرہ میں اینستھیزیا کے ماہر کی پوسٹ گزشتہ تین سالوں سے خالی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر چوہان سی ایچ سی کالاکوٹ سے ہفتہ وار سفر کرتے ہیں تاکہ نوشہرہ اور پڑوسی بلاکس میں اہم طبی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ کامیابی ایس ڈی ایچ نوشہرہ میں صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے پیشہ ور افراد کی انتھک محنت، لگن، اور ٹیم ورک کو اجاگر کرتی ہے، جو کمیونٹی کے لئے اعلیٰ معیار کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔