عظمیٰ نیوز سروس
منجا کوٹ//ضلع راجوری کی مشہور علمی دانشگاہ جامعہ ضیاء الاسلام میں تین خوش نصیب طلبہ کے حفظ قرآن مکمل ہونے پر ایک روح پرور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت موقع پر علاقے کی معزز شخصیات، مہمانانِ گرامی، اور والدین نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی، ایس ڈی پی او منجا کوٹ توصیف احمد وانی، نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دینی علوم کے ساتھ دنیاوی علوم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور جامعہ ضیاء الاسلام کے کردار کو سراہتے ہوئے منشیات کے خلاف مہم میں اس ادارے کے تعاون کو قابل تعریف قرار دیا۔اس موقع پر نوشہرہ اور ککوڑا کے تین طلبہ جنہوں نے حفظِ قرآن مکمل کیا، کو خصوصی طور پر مبارکباد دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر جامعہ کے مہتمم مولانا حافظ محمد الیاس سلطانی ،نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور طلباء و اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کی کامیابیوں اور مہمانوں کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔تقریب میں طلبہ، اساتذہ، اور دیگر شرکاء کے علاوہ مولانا حافظ شکیل، امام جامع مسجد عید گاہ منجا کوٹ، حافظ شہزاد ، امام خضری مسجد منجا کوٹ، کیپٹن اکبر خان، نمبردار اعظم خان، حاجی شفیع، ماسٹر عبدالطیف ککوڑا، کیپٹن شبیر ، ککوڑا، حاجی غلام رسول ککوڑا، عارف خان ایل کے پبلک اسکول منجا کوٹ، ماسٹر شوکت خان، پرویز خان انٹرنیشنل اسکول منجا کوٹ، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔