عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ// ضلع پونچھ کے اُردو سینئر صحافی اور کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار حسین محتشم کے بڑے بھائی اور منڈی سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اور کشمیر عظمیٰ نامہ نگار عشرت حسین بٹ کے ماموں عارف علی بٹ کوبد ھ کی صبح اچانک سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد اُنہیں فوری طور ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاجہاں حرکت قلب بند ہونے سے وہ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔55سالہ مرحوم عارف علی بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن منڈی پونچھ ایک نہایت ہی شریف النفس اور ہمدرد شخصیت کے مالک تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ بعد سہ پہر تین بجے ان کے آبائی علاقے منڈی کی امامیہ پارک میں ہزاروں لوگوںکی موجودگی میں ادا کی گئی جس کے بعد مقامی قبرستان میںانکی تدفین عمل میں لائی گئی۔ مرحوم اپنے پیچھے بیوہ، دوبیٹے اور ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی جمعہ صبح ساڑھے دس بجے آبائی قبرستان میں ادا کی جائے گی جبکہ قرآن خوانی کا سلسلہ مسلسل چالیس روز نماز مغربین کے بعد جامع مسجد المصطفیٰ منڈی میں جاری رہے گا۔ادارہ کشمیر عظمیٰ نے اس افسوسناک انتقال پر اپنے صحافی ساتھیوں حسین محتشم اور عشرت حسین بٹ کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ادارے نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق دے آمین۔اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کے عملہ ادارت کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پسماندگان خاص کر حسین محتشم اور عشرت بٹ کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیاگیا۔ادھرانجمن جعفریہ پونچھ کی تمام اکائیوں نے پسماندگان خصوصاً ان کے برادر اکبر اطہر حسین بٹ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔اس دورا ن انجمن اردو صحافت جموںوکشمیر کےسرپرست اعلیٰ حامدحمید،صدر ریاض ملک ،جنرل سیکریٹری بلال فرقانی اور صوبائی صدر جموں جہانگیر خان سمیت انجمن کی جملہ قیادت اور کارکنوںنے اپنے ساتھیوں حسین محتشم اور عشرت حسین بٹ کو اس صدمہ جانکاہ پر تعزیت و تسنیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔