عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// نئے تعلیمی سال کے آغاز کے پیش نظر وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے بدھ کو کہا کہ طلباء کے لیے مفت نصابی کتابوں کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
ایک خبر رساں ادارے کشمیر سکینہ ایتو نے کہا، “ہم طلباء کو مفت نصابی کتابیں فراہم کرنے کے عمل میں ہیں۔ ہم جلد ہی کتابوں کی تقسیم شروع کریں گے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ نصابی کتابیں پہلے ہی جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (JKBOSE) کے سٹورز میں موجود ہیں۔
اسی دوران بورڈ کے حکام نے بتایا کہ جموں اور کشمیر ڈویژنوں کے سٹورز میں کچھ نصابی کتابیں دستیاب ہیں۔
ایک افسر نے کہا، “ہم نے متعلقہ چیف ایجوکیشن افسران (CEOs) سے موصولہ درخواستوں کے مطابق کتابوں کی اشاعت کا حکم دیا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، “ہمیں کچھ کتابوں کے عنوانات مل چکے ہیں اور جلد ہی تقسیم کا عمل شروع کریں گے”۔
واضح رہے کہ سرکاری سکولوں میں طلباء کے تعلیمی معاملات پچھلے سالوں میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں کیونکہ ان اسکولوں میں داخل طلباء کو عام طور پر نئے تعلیمی سال شروع ہونے کے باوجود مفت نصابی کتابیں بہت دیر سے فراہم کی جاتی ہیں۔
2023 میں، محکمہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے دو ماہ گزرنے کے باوجود کتابیں فراہم کرنے میں ناکام رہا تھا۔
نصابی کتابوں کی تقسیم میں تاخیر نے پچھلے سال طلباء کو مشکلات سے دوچار کر دیا تھا کیونکہ محکمہ وقت پر کتابیں فراہم کرنے میں ناکام رہا تھا۔