عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ناگام گاؤں، دمحال ہانجی پورہ میں شبانہ آتشزدگی کی واردات میں تین رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے، جس کے نتیجے میں چار کنبے بے گھر ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، آگ ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دو دیگر مکانوں تک پھیل گئی۔ آگ سے تین مکانات اور دو مویشی خانوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، تاہم آگ کے شعلے مکانات کو مکمل طور پر راکھ میں تبدیل کر چکے تھے۔
مقامی باشندے نے، جو اس حادثے میں سب کچھ کھو چکا ہے، افسردہ لہجے میں کہا، ’’چند ہی منٹوں میں شعلوں نے ہماری ہر چیز خاک کر دی۔ اس شدید سردی میں ہمارے پاس کچھ بھی نہیں بچا، سوائے اس امید کے کہ حکومت ہماری مدد کرے‘‘۔
متاثرہ خاندانوں نے حکومت اور سماجی تنظیموں سے فوری امداد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی شروع کر سکیں۔