عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ملہت درہال کی عوام نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت بننے والی کسیاں تا درہال رابطہ کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک ڈی ڈی سی ممبر اقبال ملک کی کاوشوں سے تعمیر کی گئی تھی اور اس سڑک پر بہترین کام ہوا تھا لیکن گزشتہ سال مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے یہ سڑک بری طرح متاثر ہوئی تھی جگہ جگہ پر کھڈے پڑ گئے تھے، نالیاں بند ہو گئی تھیں اور پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے سڑک دونوں اطراف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں مکینوں نے بتایا کہ چونکہ گورنمنٹ کی گائڈ لائن کے مطابق اس سڑک کی دیکھ بال پانچ سال تک اسی ٹھیکیدار کے پاس ہے لہٰذا عوام نے بہت بار ایڈمنسٹریشن تک بات پہنچائی کہ اس سڑک کو اچھے طریقے سے مرمت کیا جائے اور اس کی بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا جائے لیکن متعلقہ محکمہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ اس موقع پر سماجی کارکن مرتضی مرزا اور دیگر کئی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس گھر سڑک پر گہرے کھڈے پڑنے کی وجہ سے گاڑیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے نوجوانوں نے بینکوں سے لاکھوں روپے کا قرضہ لے کر گاڑیاں خریدی تھیں لیکن سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے تمام گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس سے ان کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمہ کے خلاف لوگوں کے شخت احتجاج کے بعد کسیاں تا درہال تھنہ منگ سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے یہاں کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سماجی کارکن مرتضی مرزا نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت بننے والی اس سڑک معیاری کام کیا جائے گا جس سے لوگوں کو راحت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ آنے والے دنوں میں شدید سردی کا امکان ہے لہذا ترجیحی بنیادوں پر اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔