حسین محتشم
پونچھ//مولانا رشید احمد بانڈے کی نمازِ جنازہ منگل کو مقررہ وقت صبح 11 بجے ضیا العلوم ہائی سکول کامسر میں نم آنکھوں کے درمیان پڑھائی گئی، نماز جنازہ ان کے والد مولانا غلام قادر نے پڑھائی۔نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ جموں کشمیر عمر عبداللہ،کابینہ وزیرجاوید رانا، ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر لوگوں کا ایک ہجوم دیکھنے کو ملا، اور حالات ایسے تھے کہ جب نمازِ جنازہ پڑاجامعہ ضیاء العلوم ہائی سکول کامسر میں ادا کی گئی تو دور تک لوگوں کا ایک ہجوم دکھائی پڑا،جامعہ ضیاء العلوم کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں شریک تھی۔نماز جنازہ کے بعد مولانا رشید احمد بانڈے کی مسجد بگیالاں کے متصل قبرستان میں تدفین کی گئی۔سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے نم آنکھوں کے ساتھ انھیں سپردِ خاک کیا اور بوجھل قدموں سے گھر کی طرف واپسی کی۔واضح رہے کہ مولانا رشید احمد بانڈے گزشتہ روز میڈیکل انسٹیٹیوٹ سورہ میں انتقال کر گئے تھے۔اس موقع پر ہندو ،مسلم، سکھ، عیسائی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان کی موجودگی دیکھنے کو ملی۔ کئی سماجی و سیاسی ہستیاں بھی نظر آئیں جو مرحوم کا آخری دیدار کرنے پہنچی تھیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے لیجسلیٹیو کونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین نے مرحوم کے والد مولانا غلام قادر، برادر اکبر مولانا سعید حبیب بانڈے، وحید احمد بانڈے، خلیل احمد بانڈے، مولانا جمیل احمد بانڈے اور دیگر تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی میں اپنے والد کی قیادت میں دین حق کے کاز کے لئے قربانیوں کا شاندار نمونہ پیش کیا۔انہوں نے کہا مولانا کی رحلت میرے لیے ایک ذاتی صدمہ ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ مولانا مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے اور اپنے مقرب ترین بندوں کے جلو میں اور اپنی رحمت کے سائے میں انہیں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر مقصود احمد قلی نے مولانا رشید احمدبانڈے کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اعلیٰ اخلاقی اصولوں کے حامل انسان تھے۔ ان کی وفات سے جوخلاء پیدا ہوا ہے وہ پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغرفت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔اس دوران مولانا سعید حبیب بانڈے نے ان کے برادر اصغر کیجنازے اور تدفین میں شامل ہونے والے تمام عوام، وزیراعلی جموں کشمیر عمر عبداللہ، کابینہ وزیر جاوید احمد رانا، ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان اور تمام سیاسی،سماجی و مذہبی قائدین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے غم کی اس کی گھڑی میں ان کے خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے برادر کی جدائی ان کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے لیکن اللہ کی یہی مرضی ہے۔