عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے ساوجیاں سیکٹر میں ایک بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، تحصیل منڈی کے سرحدی علاقے ساوجیاں میں یہ واقعہ پیر کو دوپہر بعد پیش آیا ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈیوٹی پر معمور ایک فوجی اہلکار کا پاؤں ایک بارودی سرنگ پر پڑا جس کی وجہ سے زور دار دھماکہ ہوا اور اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت حوالدار سبھاش کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد فوج اور پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ اہلکار کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد اس کے آبائی علاقے روانہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کی وجہ سے مقامی افراد اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگوں کے واقعات ماضی میں بھی پیش آچکے ہیں، جن میں کئی افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔