عشرت حسین بٹ
منڈی// محکمہ آئی سی ڈی ایس پوشن پروجیکٹ منڈی کی طرف سے پونچھ میں ’’پوشن بھی پڑھائی بھی‘‘موضوع کے تحت آنگن واڑی ورکران کی تین روزہ تربیت کا آغاز پیر کو پونچھ میں ہوا جس میں آنگن واڑی پروجیکٹ منڈی کی پہلے بیچ کی پچاس ورکران نے حصہ لیا۔ اس تربیت کا آغاز پروگرام آفسر پونچھ خالد خاکی اور سی ڈی پی او منڈی عادل شبیر نے رینب کاٹ کر کیا۔ بتا دیں کہ اس تربیت میں آنگن واڑی ورکرز کو آنگن واڑی مراکز میں تین سال سے چھ سال تک کے بچوں کو کھیل کھیل میں پڑھائی اور زیرو سے تین سال تک کے بچوں کو بہتر خوراک دینے کے حوالے سے تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے اپنے آنگن واڑی مراکز میں اس سلسلے کو بہتر طریقے سے چلا سکیں ۔اس موقع پر ماسٹر ٹرینر تعظیم اختر، شاینہ بیگم ،رشیدہ بیگم، مختارہ بیگم اور رشیدہ بیگم جو کہ ایی سی ڈی ایس پروجیکٹ منڈی کے مختلف زونس میں بطور سپروائزر بھی کام کرتی ہیں نے جموں سے اس حوالے سے تربیت حاصل کی ہے اور وہی ان آنگن واڑی مراکز کی ورکرز کو تربیت دیں گی۔ اس حوالے سے سپر وائز ر شاینہ بیگم اور تعظیم اختر نے بتایا کہ ہر بیچ میں آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کی پچاس ورکرز موجود رہیں گی جنہیںتین روزہ تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منڈی آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت پڑنے والے 267 آنگن واڑی مراکز کی 267ورکران کو یہ تربیت دی جائے گی جس دوران ہر بیچ میں 50ورکران شامل رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ پندرہ دسمبر تک جاری رہے گا سپروائزر ان کا کہنا تھا کہ اس تربیت کا مقصد یہ ہے کہ آنگن واڑی مراکز میں زیر تعلیم بچوں کو کھیل کھیل میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے اور زیرو سے تین برس کے بچوں کو بہتر خوراک دی جائے۔