عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقے ہڑنا دربیل میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک المناک آتشزدگی کے واقعے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق، مغل میدان کے ہڑنا دربیل علاقے میں عبدالرشید کے رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مقامی لوگوں کی فوری امدادی کارروائی کے باوجود مکان میں موجود تمام سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ خوش قسمتی سے گھر کے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائر سروس کا عملہ آگ بجھانے کے لیے علاقے میں پہنچا، لیکن سڑک کے دھنس جانے کے باعث وہ متاثرہ مقام تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ اس وجہ سے آگ پر قابو پانے میں تاخیر ہوئی، جس نے نقصان کو مزید بڑھا دیا۔ مقامی رہائشیوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر علاقے کی سڑکیں بہتر حالت میں ہوتیں تو نقصان کو کم کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے اور علاقے کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔