عظمیٰ ویب ڈیسک
چندی گڑھ// پنجاب کے ضلع امرتسر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک مشتبہ پاکستانی درانداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
بی ایس ایف کے ترجمان نے پیر کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی رات مہاوا گاؤں کے قریب سرحدی علاقے میں پیش آیا، جب بی ایس ایف کے اہلکاروں نے مشکوک حرکت محسوس کی۔
ترجمان کے مطابق، “رات کے وقت چوکس بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک پاکستانی درانداز کی مشکوک حرکت دیکھی، جو خفیہ طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کر کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بارڈر سیکورٹی فینس کی طرف بڑھ رہا تھا”۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے درانداز کو للکارا لیکن وہ نہیں رکا اور سیکورٹی فینس کی طرف دوڑنے لگا۔
انہوں نے کہا، “درانداز کی جارحانہ حرکت کو دیکھتے ہوئے، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اس پر گولی چلائی، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا”۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واقع سے ایک بیگ برآمد ہوا، جس میں کچھ کپڑے اور ذاتی سامان موجود تھا۔