عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پلہالن علاقے میں سرینگر-بارہمولہ قومی شاہراہ پر ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس برآمد ہونے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ نے اسے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
حکام کے مطابق، جموں و کشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے پلہالن پٹن کے علاقے میں قومی شاہراہ پر آئی ای ڈی کا پتہ لگایا۔
آئی ای ڈی کی برآمدگی کے فوراً بعد ٹریفک کو روک دیا گیا اور عوام کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا، جس نے بغیر کسی نقصان کے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔
حکام نے بتایا کہ “آئی ای ڈی کی بروقت برآمدگی سے ایک ناخوشگوار واقعہ ٹل گیا”۔ مزید یہ کہ شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔
اس دوران، پٹن پولیس سٹیشن میں اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔