عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام// وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے مشہور سیاحتی مقام دودھ پتھری میں تازہ برفباری کے باعث کئی سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں،جنہیں نکال لیا گیا۔
تازہ برفباری کے بعد بڑی تعداد میں سیاح اس دلکش مقام کی طرف راغب ہوئے، جس دوران کئی گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔ تاہم، پولیس کی تیز تر کارروائی کے تحت ایس ایچ او خانصاحب ظہور کی قیادت میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن رات دیر تک جاری رہا، جس میں اے ٹی وی ایسوسی ایشن کے صدر اور مقامی رہائشیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
سیاحوں نے برفباری کے مناظر کا لطف اٹھاتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کاروائی کو سراہا۔ انہوں نے گاڑیاں نکالنے اور ان کی حفاظت یقینی بنانے کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔