عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// جنوبی ضلع کولگام کے جیبل لمر علاقے میں ایک کالا ریچھ مقامی وائلڈ لائف ٹیم کی جانب سے نصب کردہ پنجرے میں قید ہو گیا۔
علاقے میں ریچھ کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے حکام نے یہ پنجرا نصب کیا تھا، جو گزشتہ رات مؤثر ثابت ہوا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے ریچھ کو پنجرے میں قید پایا گیا۔
کولگام میں وائلڈ لائف ٹیم کے انچارج امتیاز احمد نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، “ریچھ کو پنجرے میں پکڑ لیا گیا ہے اور ہم فوراً موقع پر پہنچے۔ اب ہم اسے محفوظ طریقے سے اس کے قدرتی مسکن میں واپس لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں”۔
حکام اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ریچھ کو انسانی آبادیوں سے دور ایک محفوظ علاقے میں چھوڑا جائے تاکہ جانوروں اور مقامی آبادی دونوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ پیدا نہ ہو۔