عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// ضلع ادھم پور کے زیرو موڑ علاقے میں اتوار کے روز دو پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئیں، ابتدائی تحقیقات میں واقعہ کو مبینہ برادر کشی اور خودکشی قرار دیا جا رہا ہے۔
ادھم پور پولیس نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا، “آج پولیس سٹیشن رہمبل کو اطلاع موصول ہوئی کہ دو پولیس اہلکار، جو سوپور سے ایس ٹی سی تلواڑہ کی جانب محکمہ کی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ فرینڈلی فائر اور خودکشی کا کیس معلوم ہوتا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں”۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صبح ایک گاڑی، زیر رجسٹریشن نمبر JK05E-4703، جسے کانسٹیبل منجیت سنگھ چلا رہے تھے، میں دو دیگر اہلکار ہرمیت سنگھ اور ہیڈ کانسٹیبل ملک بھی موجود تھے۔ یہ گاڑی سوپور سے تلواڑہ ریاسی جا رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب گاڑی کالی ماتا مندر رہمبل کے قریب پہنچی تو کسی بحث کے دوران ہیڈ کانسٹیبل ملک نے کانسٹیبل (ڈرائیور) رنجیت سنگھ پر فائرنگ کی اور پھر خود پر گولی چلا لی۔ دونوں اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے معاملے کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔