عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے الال اور بھٹیلی علاقے میں تھنہ تا درہ ڈھوک زیر تعمیر سڑک پر مجوزہ دو پلوں کی تعمیر کے سلسلے میں گزشتہ کئی سالوں سے آواز اٹھائی جارہی تھی اس روڈ پر پلوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے اس پل کا کام شد و مد سے جاری ہوا تھا تاہم بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کام کو روک دیا گیا لیکن اب ایک مرتبہ پھر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے اس سڑک پر واقع دو پلوں میں سے ایک پل پر لانچنگ کا کام شروع کیا گیا ہے جس سے اس بڑے علاقے کے عوام میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی نوجوانوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس پل پر مسلسل اور لگاتار کام جاری رہنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ برسات اور برفباری کے موسم میں یہاں کے عوام کو دریا عبور کرنے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے علاوہ ازیں گاڑیوں کی آمد ؤ رفت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے چھ سے سات دیہات کے عوام کو ان دو دریاؤں سے گزر کر قصبہ تھنہ منڈی کی جانب جانا پڑتا ہے اور پل نہ ہونے کی وجہ سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا کسی بھی صورت میں یہ کام سست روی کا شکار نہ ہونے پائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان پلوں کی تعمیر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے ایک بہت بڑے علاقے کے لوگ آپس میں جڑ پائیں گے۔ لہذا ہماری اعلی حکام سے گزارش ہے کہ وہ اس پر جلد از جلد تعمیری کام مکمل کرے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو۔ علاقہ کے سابق سرپنچ منشی خان جو اس سڑک پر بننے والے دونوں پلوں کے کام کی دیکھ ریکھ بھی کر رہے ہیں، نے اس ضمن میں بتایا کہ الال دریا پر زیر تعمیر پل کی لانچنگ کا سامان پہنچانے کا عمل جاری ہے جبکہ درہ دریا کے پل کا سامان کچھ ہی دنوں میں پہنچنے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑی کوششوں کے باوجود تھنہ منڈی تا کھنیال کوٹ ڈھوک درہ رابطہ سڑک کا ری ٹینڈر ہو چکا ہے اور اب بہت جلدی اس کی تعمیر نو کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھوک سے کھنیال کوٹ تک نالی اور ڈنگے کا کام شدومد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس سڑک اور اس پر بننے والے دو پلوں کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنا کر عوام کو راحت پہنچائی جائے گی۔ البتہ سرپنچ موصوف نے متعلقہ محکمہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سڑک اور اس پر زیر تعمیر دو پلوں کی تعمیر میں کسی بھی طرح کے لیت و لعل سے کام نہ لے کر عوام کے اس دیرینہ مطالبہ کو پورا کرے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کرے۔