یواین آئی
احمد آباد// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ گجرات لوک سیوا ٹرسٹ جیسی تنظیمیں فلاحی ریاست کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ریاست اپنی خدمت کی اقدار سے قوم کو ترغیب دیتی رہتی ہے۔گجرات لوک سیوا ٹرسٹ کے 34 سال مکمل ہونے کے موقع پر آج عوامی خدمت کے جشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا،’’گجرات لوک سیوا ٹرسٹ اپنے 35ویں سال میں داخل ہو رہا ہے، میں ٹرسٹیوں کو ان کی نیک اور بے لوث کوششوں کے لیے تہہ دل سے مبارکباد دیتا ہوں۔ میں آج اس تنظیم کی طرف سے کئے گئے قابل ذکر کام کی ستائش کرتا ہوں۔ جیسا کہ سوامی وویکانند نے کہا، حقیقی حکمت دوسروں کی خدمت کے لیے خود سے اوپر اٹھنے میں مضمر ہے۔ یہ ٹرسٹ خدمت اور ہمدردی کے اس جذبے کی بہترین مثال ہے۔‘‘اس موقع پر انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا جیسا کہ ہندوستانی آئین کا مسودہ تیار کرنے والی کمیٹی کی طرف سے تصور کیا گیا تھا اور کہا کہ جب سے نریندر مودی سال 2014 میں وزیر اعظم بنے ہیں حکومت نے رہائش، کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، “ان اقدامات نے پچھلے دس برسوں میں 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔ تاہم میرا پختہ یقین ہے کہ حکومت اکیلے اس مقصد کو حاصل نہیں کر سکتی۔ بہت سے ٹرسٹ اور افراد نے ایسا کرنے میں تعاون کیا ہے۔”مرکزی وزیر داخلہ نے گجرات کی خدمت کی گہری اقدار کی بھی تعریف کی اور فی کس خون کے عطیہ، خیراتی صحت کی سہولیات اور اعضاء اور آنکھوں کے عطیہ میں گجرات کی قیادت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا، گجرات قوم کو خدمت اور انسان دوستی کی اپنی اقدار سے متاثر کرتا ہے۔ گجرات لوک سیوا ٹرسٹ جیسی تنظیمیں فلاحی ریاست کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔